فیض احمد فیض

فیض 13 فروری 1911ء کو پنجاب کے ضلع نارووال کی اک چھوٹی سی بستی کالا قادر(اب فیض نگر) کے ایک فارغ البال علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محمد سلطان خاں بیرسٹر تھے۔ فیض کی ابتدائی تعلیم مشرقی اندازمیں شروع ہوئی اور انھوں نے قرآن کے دو پارے بھی حفظ کئے پھر عربی فارسی کے ساتھ انگریزی تعلیم پر بھی توجہ دی گئی فیض نے عربی اور انگریزی میں ایم۔ اے کی ڈگریاں حاصل کیں۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں دوران تعلیم فلسفہ اور انگریزی ان کے خاص مضامین تھے۔ اس کالج میں ان کو احمد شاہ بخاری "پطرس" اور صوفی غلام مصطفی تبسم جیسے استاد اور مربی ملے۔ تعلیم سے فارغ ہو کر 1935 میں فیض نے امرتسر کے محمڈن اورینٹل کالج میں بطورلیکچرر ملازمت کر لی۔ یہاں بھی انہیں اہم ادیبوں اور دانشوروں کی صحبت ملی جن میں محمد دین تاثیر، صاحبزادہ محمود الظفر اور ان کی اہلیہ رشید جہاں، سجّاد ظہیراور احمد علی جیسے لوگ شامل تھے۔ 1941 میں فیض نے ایلس کیتھرین جارج سے شادی کر لی۔ یہ تاثیر کی اہلیہ کی چھوٹی بہن تھیں جو 16 سال کی عمر سے برطانوی کمیونسٹ پارٹی سے وابستہ تھیں۔   فیض کی تصانیف میں نقش فریادی، دست صبا، زنداں نامہ، دست تہ سنگ، سر وادیٔ سینا، شام شہر یاراں اور میرے دل مرے مسافر کے علاوہ نثر میں میزان، صلیبیں مرے دریچے میں اور متاع لوح و قلم شامل ہیں انہوں نے دو فلموں جاگو سویرا اور دور ہے سکھ کا گاؤں کے لئے گیت بھی لکھے۔